ایرانی عدالت نے ایوارڈ یافتہ فلمساز کو 5 سال قید کی سزا سنادی
تہران: ایران کی عدالت نے ایوارڈ یافتہ معروف ہدایت کار اور فلم ساز جعفر پناہی کو 5 سال قید کی سزا سنا دی۔
ایرانی خبر رساں ادارے نے جعفر پناہی کے وکیل کے حوالے سے بتایا ہےکہ ایران کی انقلابی عدالت نےجعفر پناہی کے تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دینے کے ساتھ 2 سال کے لیے ملک چھوڑنے اور سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں جعفر پناہی پر عائد الزامات کی تفصیلات نہیں بتائیں، 66 سالہ ہدایت کار جعفر پناہی ایرانی حکومت پر تنقید کے باعث پہلے بھی کئی مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل 2025 میں بھی نظام کے خلاف پروپیگنڈا سرگرمیوں کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں انہیں ایک سال قیدکی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ رواں سال امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد مارچ میں ایران واپس آگئے تھے۔
وہ موجودہ دور کے ایران کے سب سے زیادہ معروف ہدایت کاروں میں شمار ہوتے ہیں، گزشتہ 20 برس کے دوران وہ ایرانی حکام کی جانب سے بار بار جیل بھیجے جانے، بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کیے جانے اور گھر میں نظر بند کیے جانےکے باوجود وہ فلمیں بناتے رہے ہیں۔





