یوکرینی ڈرونز کے روسی علاقوں پر بڑے حملے، 351 ڈرون تباہ، تین بچے ہلاک
ماسکو: روس کے مختلف علاقوں پر رات گئے بڑے پیمانے پر یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کراسنودار میں تین بچے ہلاک جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب روسی فضائی دفاع نے 351 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حملوں کے دوران روسی ای کامرس کمپنی اوزون کے متعدد لاجسٹک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق رات بھر روس کے مختلف علاقوں کے علاوہ بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے اوپر 351 فکسڈ ونگ یوکرینی ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کیا۔
ڈرونز کو استراخان، بیلگورود، بریانسک، کرسک اور روستوف ریجنز، کراسنودار اور ستاوروپول کے علاقوں، جمہوریہ ادیگیا اور کریمیا سمیت بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے اوپر مار گرایا گیا۔
روستوف ریجن کے گورنر یوری سلیوسر کے مطابق روسی فضائی دفاع نے رات کے دوران علاقے کے چار شہروں اور 14 اضلاع میں 120 یوکرینی ڈرونز اور متعدد کروز میزائل تباہ کیے۔
کراسنودار میں ڈرون کا ملبہ بچوں کی ایک نجی تنصیب پر گرنے سے تین بچے ہلاک اور سات زخمی ہوگئے، علاقائی گورنر وینیامین کوندراتیف کے مطابق زخمی بچوں کو ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ دو بالغ افراد کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حملوں کے دوران روس کی بڑی ای کامرس کمپنی اوزون کے مختلف لاجسٹک مراکز بھی متاثر ہوئے۔ جمہوریہ ادیگیا میں اوزون کے ایک لاجسٹک مرکز پر ڈرون حملے کے بعد گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔





