کورونا وائرس سے بچاؤ میں نیم کی چھال بھی مفید
کولکتہ / کولوراڈو: کئی بیماریوں سے بچاؤ اور ان کے علاج میں نیم کی زبردست خصوصیات پچھلی کئی صدیوں سے ساری دنیا میں مشہور ہیں۔ اب امریکی اور بھارتی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ نیم کی چھال کورونا وائرس سے بچانے میں بھی بہت مفید ہے۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اور یونیورسٹی آف کولوراڈو اینشوٹز میڈیکل کیمپس کے ماہرین کی ایک مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی مختلف اقسام کے خلاف (جن میں کووِڈ 19 عالمی وبا کا باعث بننے والا سارس کوو 2 وائرس بھی شامل ہے) نیم کی چھال ایک غیرمعمولی ہتھیار کا کام بھی کرسکتی ہے۔
بھارتی اشتراک سے امریکا میں کی گئی اس تحقیق میں کورونا وائرس سے متاثرہ انسانی پھیپھڑوں کے خلیات الگ کرکے انہیں کلچر ڈش میں رکھا گیا، جن کے ساتھ نیم کی چھال سے کشید کردہ مادّے (ایکسٹریٹ/ خلاصے) کی معمولی مقدار بھی شامل کردی گئی۔
کچھ دیر بعد اس نمونے میں کورونا وائرس کی تعداد اور انفیکشن، دونوں میں نمایاں طور پر کمی واقع ہوگئی۔
اسی ٹیم کے بھارتی شرکاء نے نیم کی چھال سے کشید کیے گئے خلاصے/ ایکسٹریکٹ کو ایسے جانوروں پر آزمایا جنہیں کورونا وائرس سے متاثر کیا گیا۔ ان کے نتائج بھی ویسے ہی تھے جیسے ان کے امریکی ساتھیوں کو کلچر ڈش میں حاصل ہوئے تھے۔





