لاہور ہائی کورٹ کا آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریاں سیل کرنے کا حکم
لاہور : صوبہ پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لیے لاہور ہائی کورٹ نے آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں کو سیل کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء ، آفتاب ورک اور ابو ذرسلمان خان نیازی کی درخواستوں پر سماعت کی ، جس میں سموگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے اور مکمل لاک ڈوان کی استدعا کی گئی ۔
بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت عدالتی حکم پر میئر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے موقف اپنایا کہ ان کو صرف 8 فیصد بجٹ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ مکمل اختیارات بھی نہیں دیے جا رہے ۔ اس پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آگے الیکشن آ رہے ہیں آپ لاہور کی خدمت کریں ، لاہور کو ایسے ہی صاف کرنا ہے ، جیسے ہمارا گھر ہوتا ہے ، جسٹس شاہد کریم نے مئیر لاہور کو فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی حکم دے دیا ۔





