ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان کی بنگلہ دیش پر 224 رنز کی برتری
ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز بنگلادیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
چوتھا روز
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے۔ چوتھے روز میچ تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کی اننگز سے کھیل کا آغاز ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔
بنگلادیش کی بیٹنگ اننگ کے آغاز میں ہی لڑکھڑا گئی اور صرف 76 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔
چوتھے روز میچ کے اختتام پر بنگلا دیش نے 7 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 224 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔





