بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، پاکستان
اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا۔
اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایف سولہ گرانے کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر اپنے شکست خوردہ پائلٹ کو ایوارڈ دیا، بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، نام نہاد اور جھوٹے سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، عالمی برادری کشمیر میں تشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق اور امتیاز کے حوالے سے آواز اٹھاتا آیا ہے، بھارت کے اندر اور عالمی سطح پر بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، عالمی برادری کو اب علم ہو رہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے امتیازی سلوک، انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان اس حوالے سے پہلے بھی عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کراتا رہا ہے، اب بھارت کے اندر سے بھی اس حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہے۔





