نئے مالی سال کے لیے سندھ کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کراچی: آئندہ مالی سال 2021-22ء کے لیے سندھ کا میزانیہ آج منگل کی سہ پہر سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جسے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ پیش کریں گے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 322 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ تنخواہوں اور پنشن میں 20 سے 25 فیصد اضافے اور مزدور کی کم ازکم اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ کی بجٹ تقریر میں محکمہ پولیس سمیت دوسرے سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کا اعلان بھی متوقع ہے۔

سندھ کے بجٹ کا مجموعی حجم 14 سو ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ بلدیات کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 32 ارب روپے، محکمہ آبپاشی 14 ارب روپے، محکمہ صحت ساڑھے 18 ارب روپے، اسکول ایجوکیشن 14 ارب روپے، محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کا ترقیاتی بجٹ 16 ارب 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک و فشریز کا ترقیاتی بجٹ ایک ارب 80 کروڑ روپے، امن وامان کے بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دس فیصد اضافے کے ساتھ ایک سو دس ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، سندھ کے نئے بجٹ میں حیدرآباد ، سکھر اور لاڑکانہ میں انفیکشن ڈیزیز ہسپتالوں کا قیام کا اعلان متوقع ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں