بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔
درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی، تاہم یہ حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز کرتا ہے، جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
درخواست کے مطابق دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 561-A کے تحت علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو یہ درخواست مسترد کردی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔
وفاقی حکومت نے نظرثانی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض صورتوں میں قیدی کو جیل سے باہر منتقل کرنے کے لیے حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ذریعے کارروائی ضروری ہوتی ہے، جبکہ ہسپتال منتقل کیے جانے والے قیدی کی پولیس نگرانی بھی لازم ہے۔





